تجزیۂ کلامیہ مسائل و مباحث مرزا - TopicsExpress



          

تجزیۂ کلامیہ مسائل و مباحث مرزا خلیل احمد بیگ بہ طور ِاصطلاح ’ڈسکورس ‘ (Discourse)کا استعمال لسانیاتی ادب میں زیادہ قدیم نہیں ہے ۔ لسانیات کے فروغ کے ساتھ ساتھ ’ڈسکورس ‘ کی اصطلاح بھی عام ہوئی، اور ڈسکورس کے تجزیے بھی پیش کئے گئے ۔ نظری (Theoretical)اعتبارسے بھی ڈسکورس پر بحث کا آغاز ہوا اور اس موضوع سے متعلق متعدد مضامین اور کتابیں منظرِ عام پر آئیں ۔ لسانیات و اسلوبیات کے ہی توسط سے ’ ڈسکورس‘ کی اصطلاح ادبی تنقید میں داخل ہوئی، ورنہ اس سے قبل ادبی نقاد اس اصطلاح سے ناواقفِ محض تھا۔ اس کا بین ثبوت یہ ہے کہ کلیم الدین احمد جیسے باخبر اور بیدار ذہن نقاد نے جب انگریزی کے حوالے سے اردو میں ادبی اصطلاحات کی فرہنگ مرتب کی تو Discourseیا Discourse Analysisکا کہیں ذکر تک نہیں کیا (۱) اور نہ ہی Literary Discourseجیسی اصطلاح کو اس میں کوئی جگہ دی ۔ یہی حال اردو کے بعض دوسرے نقادوں اور عالموں کا بھی ہے۔ تاہم عہدِ حاضر میں لسانیات کے فروغ اور اسلوبیاتی تنقید کی مقبولیت کی وجہ سے دورِ جدید کے بعض اردو نقاد ڈسکورس کی تھیوری سے کسی حد تک واقفیت رکھتے ہیں اور Discourse Analysis کی اہمیت کو سمجھتے ہیں ۔ چنانچہ اپنی تنقیدی تحریروں میں وہ بعض اوقات ادبی ڈسکورس کے حوالے سے بھی گفتگو کرتے ہیں ۔(۲) (۲) ’ڈسکورس‘ (Discourse)کو بالعموم ’بحث ‘ یا ’مکالمہ ‘ سے تعبیر کیا جاتاہے ، اور Discourse Analysisکو ’تجزیۂ کلام و متن ‘ تصور کیا جاتاہے۔(۳) مولوی عبد الحق نے اپنی انگلش ۔ اردو ڈکشنری میں ”Discourse“کے تحت جومعنی درج کئے ہیں، وہ یہ ہیں : ”(۱)گفتگو ، بات چیت ۔ (۲)تقریر ، بیان ، مقالہ ، رسالہ ، وعظ ، خطبہ ۔(۳) گفتگو کرنا، مکالمہ کرنا ۔(۴) کسی موضوع پر تقریر اً یا تحریراً بحث کرنا، اظہارِ خیال کرنا۔“ میرے نزدیک ’ڈسکورس ‘ (Discourse)کے لئے موزوں ترین لفظ کلامیہ ہے ۔ لیکن یہ اردو میں ابھی پوری طرح رائج نہیں ہوسکا ہے ، کیوں کہ اردو کے مستندنقاد بھی اپنی تحریروں میں Discourseکے لئے ’ڈسکورس ‘ ہی لکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں ۔(۴) لسانیاتی اعتبارسے ’ڈسکورس‘ یا ’کلامیہ ‘ زبان کی وہ مسلسل و مربوط شکل ہے جس کا طول کسی مفر د جملے کے مقابلے میں زیادہ ہوتاہے ۔ دوسرے لفظوں میں ہم کہہ سکتے ہیں کہ کلامیہ تحریرو تقریر کی اس مسلسل صورت کا نام ہے جو دو یا دو سے زیادہ جملوں سے مل کر ترتیب دی گئی ہو ، نیز جو اس طرح باہم مربوط ہو کہ ایک اکائی(Unit)بن جائے ۔ اگر کوئی لسانی شکل محض مفرد جملے تک ہی محدود رہتی ہے تو وہ کلامیہ نہیں کہی جاسکتی ، لہٰذا کلامیہ کی بنیادی شرط ، مفرد جملے کے مقابلے میں ، اس کاطویل ہونا ہے جس میں باہمی ربط بھی پایا جاتا ہو ۔ درحقیقت کلامیہ کی حد وہاں سے شروع ہوتی ہے جہاں ایک جملہ ختم ہو کر دوسرے جملے سے باہم مربوط و متصل ہوجاتاہے ۔ ٹروگاٹ او ر پریٹ نے ’ کلامیہ ‘ کی تعریف ان الفاظ میں بیان کی ہے : “ Any Structured stretch of language that is longer than a sentence”.(۵) لہٰذا زبان کی ہروہ مربوط (Coherent)شکل جو طول میں جملے سے بڑی ہو ’ کلامیہ، (Discourse)کہلائے گی اور اس کے تجزئے کو ’ تجزیۂ کلامیہ،(Discource Analysis) کہیں گے۔ تجزیۂ کلامیہ کو مختصراً مطالعۂ زبان ماورائے جملہ ، (The study of language beyond the sentence)بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس ضمن میں ایک قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کلامیہ یا ڈسکورس کا تجزیہ بنیادی طور پر بروئے استعمال زبان (Language in use)کا تجزیہ ہے ۔ اسے محض لسانی ہیئتوں (Linguistic Forms)کی توضیح (Description)تک محدود نہیں رکھا جاسکتا جن کا نہ کوئی ترسیلی سیاق (Communicative Context)ہوتاہے اور نہ کوئی استعمال ، اور نہ ہی انسانی معاشرے میں کوئی رول ۔ لہٰذا کلامیاتی تجزیہ نگار (Discourse Analyst)کا یہ فرض ہوتاہے کہ وہ اس امر کا پتا لگا ئے کہ زبان کس مقصد کے لئے بروئے عمل لائی جارہی ہے اور اس کے ترسیلی فنکشنز (Functions)کیاہیں ۔ اس اپرو چ کو زبان کا فنکشنل اپروج (Functional Approach)کہتے ہیں جو مطالعہ زبان کے نسبةً قدیم اپروچ یعنی ہیئتی اپروچ (Formal Approach)سے بالکل مختلف ہے ۔ اس حقیقت سے انکار نہیںکیا جاسکتا کہ زبان کسی نہ کسی مقصد کے لئے استعمال کی جاتی ہے ۔ کوئی بھی فقرہ ، جملہ، یا کلمہ بغیر کسی مقصد کے منہ سے ادا نہیںکیا جاتا ۔ گویا مقصد کی برآری اور اظہارِ مطلب ہی زبان کا اصل مدعا ہے ۔ تجزیہ کلامیہ میں یہ بات بہ طورِ خاص ذہن میں رکھی جاتی ہے ۔ تجزیۂ کلامیہ پر بنیادی کام کرنے والوں میں زیلگ ایس ۔ ہیرس اور مائیکل اسٹبز خصوصی اہمیت رکھتے ہیں ۔ زیلگ ہیرس کاشمار معروف ماہرینِ لسانیات میں ہوتاہے ۔ انھوں نے کلامیہ کو ” جملوں کا جوڑ“ (A combination of sentcnces)کہا ہے ۔(۶) ایک دوسرے اسکالر مائیکل اسٹبز کا قول ہے کہ ” ہر وہ مطالعہ جو مفرد جملوں تک محدود نہ ہو اور جو سیاق و سباق سے خارج نہ ہو، تجزیۂ کلامیہ کہلائے گا۔ “ (۷) اس امر کا ذکر یہاں بیجا نہ ہوگا کہ لسانیات جو زبان کے سائنسی مطالعے کا نام ہے اپنے روایتی انداز میں جملے کے تجزئے تک ہی محدود رہی ہے ، اور جملے سے ماورا کوئی بھی چیز اس کے دائرۂ کار میں شامل نہ ہوسکی ۔ یہاں تک کہ نوام چامسکی کی تبادلی تخلیقی قواعد (Transformational Generative Grammar)میں بھی تجزیے کا محور جملہ ہی ہے ۔ چامسکی نے کہیں ۱۹۸۰ء میں جاکر اس امر کا اعتراف کیا کہ کلامیاتی مہارت (Discourse Competence)درحقیقت لسانیاتی مہارت (Linguistic Competence)کا ہی ایک حصہ ہے ۔ حالیہ برسوں میں کلامیہ اور تجزیۂ کلامیہ کی جانب لوگوں کی توجہ تیزی کے ساتھ مبذول ہوئی ہے ، اور لوگ زبان کو بہ حیثیتِ کلامیہ (Language as discourse)دیکھنے لگے ہیں جو اپنا سماجی سیاق (Social Context)رکھتی ہے اور تہذیبی حوالے بھی۔ زبان کو اس کے سماجی اور تہذیبی سروکار سے الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا ۔ (۳) ’کلامیہ ‘ (ڈسکورس) کی جوتعریف سطورِ بالا میں بیان کی گئی ہے اس کی رو سے اسے توسیع شدہ تکلم (Extended Utterance)بھی کہہ سکتے ہیں جس کی چند نمایاں شکلیں یہ ہیں ، مثلاً وعظ ، خطبہ ، دعا، التجا ، التماس ، حلف ، لطیفہ ، حکایت ، قصے کہانیاں ، تقریریں ، انٹرویوز ، پریس ریلیز ، خطوط ، ادارئے ، اشتہارات ، وغیرہ۔ کلامیہ یا ڈسکورس کی ان شکلوں کو کلامی اصناف (Speech Genres)کہتے ہیں ۔ ادبی اصناف کا شمار بھی کلامی اصناف کے تحت ہی کیا جاتاہے۔ بعض کلامی اصناف آفاقی ہوتی ہیں ، یعنی دوسری زبانوں میں بھی پائی جاتی ہیں ۔ لیکن ایک زبان کی ادبی اصناف دوسری زبان کی ادبی اصناف سے مختلف ہوسکتی ہےں ، مثلاً غزل اردو سے ، دو ہا ہندی سے ، سانیٹ انگریزی سے ،اور ہائیکو جاپانی سے مخصوص ہے ۔ کلامی اصناف کی اپنی خصوصیات ہوتی ہیں اور وہ اپنے ترسیلی وظائف (Communicative Functions)بہ خوبی انجام دیتی ہیں۔ بعض کلامی اصناف میں صرف ایک متکلم ہوتاہے ، مثلاً صدارتی خطبہ ۔ لیکن بعض دوسری کلامی اصناف جو بات چیت پر مبنی ہوتی ہیں ، ان میں متکلم کی تعداد ایک سے زیادہ ہوتی ہے ، مثلاً مباحثہ ، مکالمہ ، مذاکرہ ، حجت ، بحث و تکرار ، سوال وجواب ، گفتگو ، انٹرویو ، وغیرہ۔ (۸) کوئی کلامیہ یا کوئی کلامی صنف کئی ذیلی اصناف پر بھی مشتمل ہوسکتی ہے ۔ ادب میں یہ بات نمایاں طور پر دیکھنے کو ملتی ہے جہاں ’ شاعری‘ یا ’ شعری کلامیہ ‘ (Poetic Discourse) کے تحت کئی اصنافِ شعر کا شمار ہوتاہے، مثلاً غزل ، مثنوی ، قصیدہ ، مرثیہ ، رباعی وغیرہ ۔ اسی طرح کلامیہ کی ایک صنف ’ خطبہ ‘ کے تحت اس کی کئی ذیلی اصناف ، مثلاً صدارتی خطبہ‘افتتاحی خطبہ ، کلیدی خطبہ ، الوداعی خطبہ ، وغیرہ شمار کی جاتی ہیں ۔ کلامیہ کی ایک اور صنف ’ گفتگو ‘ کے تحت اس کی ذیلی اصناف روبرو گفتگو ، ٹیلی فون پر گفتگو ، انٹر نیٹ کے ذریعے گفتگو (Chat) وغیرہ کی شناخت کی جاسکتی ہے ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ کئی کلامی اصناف سے مل کر ایک ’ کلامی وقوعہ‘ (Speech Event) معرضِ وجود میں آتاہے ۔ یہ ایک منظم ترسیلی سلسلہ ہوتاہے جس میں یکے بعد دیگرے کئی کلامیے وقوع پذیر ہوتے ہیں ۔ اس کی بہ حیثیتِ مجموعی ایک امتیازی حیثیت ہوتی ہے اور لسانی وغیرلسانی رویوں سے متعلق اس کے اپنے مقررہ اصول و ضوابط ہوتے ہیں ، جن پر کاربند ہونا نہایت ضروری ہوتاہے ۔ چرچ سروس (عیسائیوں کا طریقۂ عبادت ) جو کئی کلامی اصناف کا مجموعہ ہوتی ہے ، کلامی وقوعے کی ایک عمدہ مثال قراردی جاسکتی ہے ۔ اس کی تمام کلامی اصناف مقررہ نہج پر سلسلہ وار وقوع پذیر ہوتی ہیں۔ اس طریقۂ عبادت کے دوران لسانی رویوں کے ساتھ ساتھ بعض غیر لسانی روئے بھی برتے جاتے ہیں ، مثلاً کھڑے ہونا، جھکنا ، سربسجود ہونا ، وغیرہ ۔ کلامی وقوعہ کسی بھی نوعیت کاہوسکتاہے ، مثلاً کسی علمی یا ادبی سیمنار کے ا فتتاحی اجلاس کو بھی ایک کلامی وقوعہ قرار دیا جاسکتاہے جس میں سب سے پہلے استقبالیہ تقریر ہوتی ہے، پھر افتتاحی خطبہ دیاجاتاہے ، پھر متعلقہ موضوع پر کوئی ممتاز عالم یا دانشور اپنا کلیدی خطبہ پیش کرتاہے ، پھر صدارتی خطبہ ہوتا ہے اور سب سے آخر میں تحریکِ شکریہ پر جلسہ ختم ہوجاتا ہے ۔کلامی وقوعہ محض ایک کلامی صنف پر بھی مشتمل ہوسکتاہے اور ایک سے زیادہ پر بھی، مثلاً کسی موضوع پر ایک لکچر( جو محض ایک کلامی صنف پر مشتمل ہے ) ایک کلامی وقوعہ قرار دیاجاسکتاہے ، لیکن اس لکچر کے بعد اگر سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوتاہے تو یہ کلامی وقوعہ دو کلامی اصناف پر مشتمل تصور کیا جائے گا۔ عہد ِ حاضر کے بعض ٹی وی ٹاک شوز (TV Talk Shows)کلامی وقوعوں کی بہترینِ مثالیں پیش کرتے ہیں ۔(۹) (۴) تجزیۂ کلامیہ کا فروغ لسانیات کی ایک اہم شاخ کے طور پر ۱۹۸۰ء کے بعد سے ہوا ۔ ۱۹۷۷ء اور ۱۹۸۳ءکے دوران کلامیہ اور تجزیۂ کلامیہ سے متعلق کم ازکم پانچ اہم کتابیں منظرِ عام پر آئیں، (۱۰) اور دوبڑ ے جرائد کا اجرا عمل میں آیا۔(۱۱ ) اس کے فوراً بعد ۱۹۸۵ء میں وین دیجک کی چار جلدوں پر مشتمل Handbook of Discourse Analysisشائع ہوئی (۱۲)۔ تجزیۂ کلامیہ چوں کہ لسانیات کی ایک شاخ کے طور پر ارتقا پذیر ہوا ، اس لئے اسے کلامی لسانیات (Discourse Linguistics)بھی کہا گیا ۔ اسی کی طرز پر متنی لسانیات (Text Linguistics)کی اصطلاح رائج ہوئی ۔ ’ کلامیہ ‘ (Discourse)کو اکثر ’متن ‘(Text)بھی کہاجاتاہے ۔ بعض عالم کلامیہ اور متن میں کوئی تفریق نہیں کرتے اور دونوں کو ایک تسلیم کرتے ہیں ۔ ان کے نزدیک تجزیۂ کلامیہ ، تجزیۂ متن بھی ہے، اور کلامی لسانیات کا ہی دوسرا نام متنی لسانیات ہے ۔ تاہم کلامیہ بعض اعتبار سے متن سے مختلف ہے ۔ ان دونوں میں بہت باریک اختلافات پائے جاتے ہیں ۔ ان دونوں کے درمیان بنیادی فرق کو ’ زبان بہ حیثیتِ کلامیہ (Language as discourse)اور ’زبان بہ حیثیتِ متن ،Language as text)کے فرق سے ظاہرکیا جاسکتاہے ۔ بہ حیثیت کلامیہ ، ہمارے سامنے اُس زبان کا تصور ابھر کر آتاہے جو نہایت فعال اور متحرک ہے اور کسی نہ کسی سیاق (Context)میں ظہور پذیر ہوتی ہے ، نیز اپنے سماجی اور تہذیبی حوالے بھی رکھتی ہے ۔ جب کہ بہ حیثیتِ متن ، زبان ایک جامد اور غیر حرکی عنصر سے زیادہ کوئی چیز نہیں جو نہ صرف سیاق و سباق سے عاری ہوتی ہے، بلکہ جس کا کوئی فنکشنل رول بھی نہیں ہوتا۔ متن کو ہم محض ایک لسانی عنصر سے تعبیر کرسکتے ہیں ، جب کہ کلامیہ میں اس لسانی عنصر کا فنکشن اور حقیقی صورتِ حال میں موقع و محل کے لحاظ سے اس کا استعمال بے حد اہمیت رکھتاہے ۔ متن اور کلامیہ کے درمیان باریک فرق کو ایک مثال کے ذریعے یوں بیان کیا جاسکتاہے کہ ایک صدارتی خطبہ جب لکھا جاتاہے اور ٹائپنگ یا کتابت و طباعت کے مراحل سے گذرتاہے تو محض متن ہوتا ہے ، لیکن جب یہ کسی جلسے یا اجلاس میں مقررہ وقت پر سامعین و مندوبین کے سامنے پڑھا جاتاہے تو کلامیہ کہلاتاہے۔ متن اورکلامیہ کے درمیان فرق کی ایک اور مثال کرشنا سوامی نے دی ہے،(۱۳) جو تھوڑی ترمیم کے ساتھ ۔ یہاں پیش کی جاتی ہے ۔ کسی پینٹر کی دوکان پر بہت سے سائن بورڈ ز کے ساتھ رکھا ہوا ایک سائن بورڈ جس پر ”آہستہ گاڑی چلائیں ، آگے اسپیڈ بر یکرز ہیں،“ لکھاہوا ہے ، متن کہلائے گا۔ لیکن یہی سائن بورڈ جب پینٹر کی دوکان سے لے جایا جاتاہے اور سڑک کی بائیں جانب کسی مناسب مقام پر جہاں اسپیڈ بریکرز بنے ہوں، نصب کردیا جاتاہے تو کلامیہ کہلاتاہے ۔ کیوں کہ یہ سائن بورڈ سڑ ک کا استعمال کرنے والوں کو ایک اطلاع بہم پہنچا جا رہاہے ، لہٰذا لسانی عنصر کے اعتبار سے اگر چہ یہ متن ہے، لیکن یہ ایک ترسیلی سیاق (Communicative Context) رکھتاہے (کیونکہ اسے سڑک کے اس مقام پر نصب کیا گیاہے جہاں اسپیڈ بریکرز بنے ہوئے ہیں)، اور اس کا ایک فنکشنل رول ہے، اس لئے اس کی اہمیت ایک کلامیہ کی ہے ۔ ان مثالوں سے یہ بات و اضح ہوجاتی ہے کہ کوئی لسانی عنصر جب تک سیاق سے عاری اور فنکشنل رول سے مبرا رہتاہے تو متن کہلاتاہے ، لیکن جب وہ حقیقی صورتِ حال کے مطابق بروئے استعمال لایا جاتاہے تو کلامیہ کہلاتاہے ۔ متن ا ور کلامیہ کے مسائل پر وین دیجک ،(۱۴) ہیلیڈے ، (۱۵) وڈاوؤسن، (۱۶) ڈی بگرینڈ ے (۱۷) ، براؤن اور یول(۱۸) ، رولاں بارت (۱۹) اور دریدا(۲۰) جیسے لسانی مفکروں اور فلسفیوں نے اپنے اپنے طور پر نہایت غور و خوض سے کام لیا ہے ۔ ان عالموں کے نظریات ایک دوسر ے سے مختلف ہوسکتے ہیں ، لیکن ان میں سے کسی نے بھی متن یا کلامیہ کی اہمیت سے انکار نہیں کیاہے ۔ حواشی ۱۔ دیکھئے ترقیِ اردو بیورو (حکومتِ ہند) ، نئی دہلی کی شائع کردہ کتاب ”فرہنگِ ادبی اصطلاحات (انگریزی ۔ اردو )“ از کلیم الدین احمد ۔ سنہِ اشاعت ۱۹۸۶ ء۔ ۲۔ مثال کے طور پر دیکھئے گوپی چندنارنگ کی گراں قدر تصنیف ”ساختیات ، پس ساختیات اور مشرقی شعریات “ (دہلی : ایجو کیشنل پبلشنگ ہاؤس ، ۱۹۹۳ ء)۔ ۳۔ ترقیِ ارد بیورو (حکومت ہند) ، نئی دہلی کی شائع کردہ ”فرہنگِ اصطلاحات (انگریز ی اردو ) لسانیات “ (۱۹۸۷ ء) میں Discourseکے لئے” بحث، مکالمہ “ اور Discourse Analysisکے لئے ”تجزیۂ کلام و متن “ کے اندراجات ملتے ہیں ۔ ۴۔ اردو کے بعض اہلِ علم Discourseکا ترجمہ ’ مخاطبہ‘ کرتے ہیں جو میرے خیال میں درست نہیں ہے ، کیونکہ مخاطبہ کے تحت صرف چند مخصوص قسم کے ڈسکورس ہی شمار کئے جاسکتے ہیں ۔ ڈسکورس کی تمام اقسام کا یہ لفظ احاطہ نہیں کرتا۔ ۵۔ دیکھئے ایلیز بتھ کلوس ٹروگاٹ (Elizabeth Closs Traugott) اور میری لوئس پریٹ (Mary Louise Pratt)کی کتاب Linguistics for Students of Literature(نیویارک : ۱۹۸۳۱ء) ، ص ۴۰۳۔ ۶۔ دیکھئے زیلگ ایس ۔ ہیرس (Zellig S. Harris)کا مضمون ’Discourse Analysis‘مشمولہ Lnguageشمارہ ۸۲(۱۹۵۲)، ص ۱ تا ۳۰۔ ۷۔ دیکھئے مائیکل اسٹبز کی کتاب Discource Analysis: (Michael Stubbs) The Socioli Linguistic Analysis of Natural Language( آکسفرڈ: بیسل بلیک ول ، ۱۹۸۳ء)۔ ۸۔ کیبل ٹی وی نٹ ورک کے بعض چینلوں پر پیش کئے جانے والے ٹیلی ویژن ٹاک شوز مثلاً ” Big Fight“(میزبان : راج دیب سر ڈیسائی اور ”Reality Bite“(میزبان: برکھارت)، نیز”اکبر کا دربار “ (میزبان : ایم ۔ جے ۔ اکبر ) اس قسم کے ڈسکورس کی عمدہ مثالیں ہیں ۔ ۹۔ اس موقع پر اسٹار نیوز چینل پر پیش کئے جانے والے ہفتہ وار ٹیلی ویژن ٹاک شو ” Movers and Shakers“(میز بان : شیکھرسُمن ) کا ذکر بیجا نہ ہو گا جس کی حیثیت ایک دلچسپ کلامی وقوعے (Speech Event)کی ہے جس میں ڈسکور س (کلامیہ ) کی کئی شکلیں یعنی کلامی اصناف (Speech Genres)سلسلہ وار وقوع پذیر ہوتی ہےں۔ اس ٹاک شو (Talk Show) یعنی ’تماشائے ‘ گفتگو میں میزبان ہر بار ایک نئے مہمان کے ساتھ اسکرین پر نمودار ہوتاہے اور اس کے ساتھ پر لطف اور پر مزاح انداز میں گفتگو کا آغاز کرتاہے ۔ مزید ار بات چیت اور سوال و جواب کا یہ سلسلہ پور ے شو تک جاری رہتاہے جس سے ناظرین کافی محظوظ اور لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ یہ پورا ٹاک شو ایک دلچسپ کلامی وقوعے کی حیثیت رکھتاہے ۔ ڈسکور س کی جن شکلوں یا کلامی اصناف پر یہ کلامی وقوعہ مشتمل ہوتاہے ان میں میزبان کے ذریعے ادا کئے گئے ابتدائی کلمات ، مہمان کا تعارف ، مہمان سے گفتگو ، سوال و جواب اور مکالمے خاص ہیں ۔ وقفے وقفے سے موسیقی کی گونج اور طبلے کی تھاپ ، نیز شو کے سامعین کی قہقہ ریزی شو کو ا ور بھی زیادہ دلچسپ بنادیتی ہے ۔ ۱۰۔ ان کتابوں کے نام حسبِ ذیل ہیں : (۱) رابرٹ ۔ ایلین ڈی بگرینڈے (Robert Alain de Beaugrande)اور دولف گینگ یو ۔ ڈریسلر (Wolfgang U. Dressler)،۱۹۸۱ء،Introduction to Text Linguistics (لندن : لانگ مین)۔ (۲)گیلین براؤن (Gillian Brown)اور جارج یول (George Yule)، ۱۹۸۳ ء، Discourse Analysis کیمبرج : کیمبر ج یونیورسٹی پریس ۔ (۳) میلکم کولٹ ہارڈ (Malcom Coult Hard)، ۱۹۷۷ءAn Introduction to Discourse Analysis(لندن : لانگ مین)۔ (۴)ویلس ایڈ منڈ سن (Willis Edmondson)،۱۹۸۱ء، Spoken Discourse :A Model for Analy sis(لندن : لانگ مین)۔ (۵) مائیکل اسٹبز (Michael Stubbs)،۱۹۸۳ ء، Discourse Analysis: The Sociolinguistic Analysis of Natural Language( آکسفرڈ: بیسل بلیک ول )۔ ۱۱۔ اِن رسائل کے نام یہ ہیں : (۱) Discourse Processes(۱۹۷۸)۔ (۲) Text(۱۹۸۱ ء)۔ ۱۲۔ ٹیون اے ۔ وین دیجک (Teun A. uan Dijk (مرتب )، ۱۹۸۵ ء، Handbook of Discourse Analysis،چار جلدیں (لندن اور اورلینڈو : اکیڈمک پریس) ۔ ۱۳۔ این۔ کرشنا سوامی اور دیگر ، ۱۹۹۲ء، Modern Applied Linguistics(چنّئ : میکملن) ، ص ۱۰۲ ۱۴۔ ٹیون اے ۔ وین دیجک (Teun A. Uan Dijk) ۱۹۷ ء‘ Text and Context لندن: لانگ مین ۔ ۱۵۔ ایم ۔ اے ۔ کے ۔ ہیلیڈ ے (M.A.K. Halliday) ۱۹۷۸ ء‘ Language as a social Semiotics : The Social Interpretation of Languase and Meaning(لندن ایڈورڈ آرنلڈ)۔ ۱۶۔ ایچ ۔ جی ۔ وڈ اؤسن (H.G.widdowson) ۱۹۷۹ ءDirections in the Teaching of Discourse مشمولہ The Communicative Approach to Language Teaching مرتبہ سی ۔ جے برمفٹ (C.J. Brumfit)اور کے ۔ جانسن (K.Johnson)، آکسفرڈ: آکسفرڈ یونیورسٹی پریس ، ۱۹۷۹ ء۔ ۱۷۔ رابرٹ ۔ ایلین ڈی بگرینڈ ے۱۹۸۰ ء (R.de Beaugrande Text Discource and Process: Toward a Multidisciplinary Science of Texts) (فاروُڈ: ایبلکس) ۱۹۸۔ گیلین براؤن (Gillian Brown)اور جارج یول (Gerrge Yule)، ۱۹۸۳ء، Discourse Analysis(کیمبرج: کیمبرج یونیورستی پریس)۔ ۱۹۔ رولاں بارت (Roland Barthes)،۱۹۸۱ ء، ’From Work to Text‘ مشمولہ Image, Music, Text،انتخابِ مضامین اورترجمہ اسٹیفن ہیتھ (Stephen Heath)لندن : فونٹانا ۔ پیر بیکس ، ۱۹۷۷ ء۔ نیوریاک : ہل اینڈ وینگ ، ۱۹۷۷ء۔ ۲۰۔ ژاک دریدا (Jacques Derrida)نے ’متن ‘ کو گیس (Gas)کہاہے ۔ (بحوالہ کرسٹو فر نورِس (Christopher Norris)، ۱۹۸۲ء Deconstruction: Theory and Practice (لندن؛ مِتھیون )۔ قلمی معاونین ۱۔ مسعود حسین: پروفیسر ایمریٹس، شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ۔ بانی صدر و پروفیسر شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی۔ سابق پروفیسر و صدر شعبۂ اردو، عثمانیہ یونیورسٹی، حیدرآباد۔ سابق وائس چانسلر، جامعۂ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی۔ ۲۔ گوپی چند نارنگ: صدرساہتیہ اکادمی، نئی دہلی۔ وائس چیرمین، قومی کونسل برائے فروغِ اردو زبان (حکومتِ ہند)، نئی دہلی۔ سابق پروفیسر وصدر شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی۔ ۳۔ سیدہ جعفر: سابق پروفیسر و صدر شعبۂ اردو، عثمانیہ یونیورسٹی، حیدرآباد۔ ۴۔ مرزا خلیل احمدبیگ: پروفیسر و صدر شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ۔ سابق پرنسپل، اردو ٹیچنگ اینڈ ریسرچ سنٹر(حکومتِ ہند)، سولن ،ہماچل پردیش۔ ۵۔ سید اختیار علی: لکچرر شعبۂ لسانیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، علی گڑھ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Posted on: Wed, 12 Feb 2014 22:07:50 +0000

Trending Topics



Recently Viewed Topics




© 2015