امام طبرانی رحمہ اللہ نے حضرت کعب بن - TopicsExpress



          

امام طبرانی رحمہ اللہ نے حضرت کعب بن عجرہ سے روایت نقل کی ہے وہ فرماتے ہیں کہ : ایک دن ہم مسجد میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے بیٹھے تھے ،ایک جماعت انصار کی، ایک مہاجرین کی، ایک بنو ہاشم کی ، پس ہمار ی آپس میں بحث چھڑ گئی کہ ہم میں سے کون رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیادہ قریب اور زیادہ محبوب ہے ۔ہم نے کہا : ہم انصار کی جماعت آپ پر ایمان لائے، آپ کی اتباع کی ، آپ کے ساتھ مل کر جہاد کیا ، اور ہماری جماعت دشمن کے سامنے رہی، لہذا ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیادہ قریب اور آپ کے زیادہ محبوب ہیں ۔ ہمارے بھائی مہاجرین نے کہا کہ : ہم وہ ہیں جنہوں نے اللہ او ر اس کے رسول کے ساتھ ہجر ت کی ، اپنے قبیلے ، بیوی ، بچوں اور اموال کو چھوڑا ، اور جس جگہ آپ حاضر ہوئے ہم بھی حاضر ہوئے اور جن غزوات میں آپ حاضر ہوئے ہم بھی حاضر ہوئے ، لہذا ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیادہ قریب اور زیادہ محبوب ہیں ۔ہمارے بھائی بنو ہاشم نے کہاکہ : ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاندان کے لوگ ہیں ،، اور ہم ان تما م جگہوں پر حاضر ہوئے جہاں آپ حاضر ہوئے او ر تمام غزوات میں جہاں آپ شریک ہوئے ہم بھی شریک ہوئے ، لہذا ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زیادہ قریب اور آپ کے زیادہ محبوب ہیں ۔پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے اور ہمار ی طرف متوجہ ہو کر فرمایا : تم لوگ کچھ باتیں کررہے تھے ؟ تو ہم نے اپنی باتیں آپ کے سامنے پیش کیں توآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار سے مخاطب ہو کر فرمایا : تم نے سچ کہا ، کو ن ہے جو تمہار ی بات کو رد کرے اور ہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے مہاجر بھائیوں کی گفتگو بھی سنائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : انہوں نے سچ کہا ہے ،کون ہے جو ان کی بات کو رد کرے۔ اور ہم نے آپ کو بنوہاشم کی گفتگو سنائی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : انہوں نے سچ کہا ہے کون ہے جو ان کی بات کو رد کرے ؟ پھرآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا میں تم میں فیصلہ نہ کروں ؟ ہم نے عرض کیا : کیوں نہیں ، ہمارے باپ اور ہماری مائیں آپ پر قربان ہوں یارسو ل اللہ! تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : اے انصار کی جماعت ! میں تو آپ ہی کا بھائی ہوں، انصارنے ” الله أکبر “ کا نعرہ لگایا ۔اور اے مہاجرین کی جماعت! میں تو آپ میں سے ہوں ،انہوں نے بھی ” اللہ اکبر “ کا نعرہ لگایا ،اوراے بنو ہاشم! آپ تو مجھ سے ہیں اور میرے ساتھ ہیں پس ہم اس حال میں مجلس سے اٹھے کہ ہم سب خوش تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر رشک کررہے تھے ۔
Posted on: Fri, 09 Aug 2013 20:25:36 +0000

Trending Topics



Recently Viewed Topics




© 2015