لوگ خدا کومانتے ہیں، میں اُسے - TopicsExpress



          

لوگ خدا کومانتے ہیں، میں اُسے ڈھونڈتا ہوں بہت پہلے بچپن میں میرا خیا ل تھا ، وہ میرے پاپ ایسی شکل کا ہوگا۔ اسی کی طرح سخت اور غلط کام پر سزا دینے والا۔ اس کی مونچھیں ہونگی اور کبھی کبھار نائی سے ڈاڑھی بھی بنواتا ہوگا۔ دُور آسمانوں میں کرسی پر بیٹھا اس بات کا منتظر ہے کہ کب میں مروں اور وہ مجھے سزا دے ۔ زمانہ ذرا آگے بڑھا تو ذہن میں کئی زلزلے آئے۔ایک دنیا اجڑی ایک آباد ہوئی ، میں نے ننگ و افلاس اور ذِلّتوں کے ہمالہ تلے دبے انسان کو زندگی کے آلاؤ میں دہکتے دیکھا۔ کھیتوں کی سوندھی سوندھی خوشبو میں چلتی پھرتی انسانی لاشوں کے مناظر میرے ماحول کا اثاثہ تھے۔ جھکی کمریں ،کھردرے ہاتھ، ارد گرد پھیلی ناکامیاں ۔ اس وقت میں نے پہلی بار سوچا ، خدا میرے باپ کی طرح بے بس اور اتنا نادار نہیں ہو سکتا اس کی شکل ضرور کسی اور سے ملتی ہوگی۔ ایک عرصہ بعد جب میں کا لج پہنچا تو صدیوں سے آباد اپنے گاؤں کا پہلا فرد تھا ۔جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے شہر پہنچاتھا ۔ شہر کی دنیا نئی تھی ۔ ایک جانب موٹریں ،کاریں اور کوٹھیا ں تھیں ،اور دوسری جانب بکتے جسم، زدر چہرے اور قبروں سے جھانکتی آنکھیں۔۔۔۔۔اس زمانے میں مجھے یقین ہوگیا کہ خلا کے اندھیروں میں کوئی اجالا نہیں۔۔۔ ورنہ سے سب کچھ کیوں ہوتا؟ راجہ انور کی کتابجھوٹے روپ کے درشن سے اقتباس
Posted on: Wed, 06 Nov 2013 14:09:25 +0000

Trending Topics



Recently Viewed Topics




© 2015